ایشیا کپ، پاک بھارت معرکہ کل ہوگا

  • September 18, 2018, 1:30 pm
  • Sports News
  • 324 Views

ایشیا کپ کر کٹ ٹور نامنٹ میںگروپ اسٹیج کے سب سے بڑے معرکے کا وقت بھی آن پہنچا،کل بدھ کو پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر کی نظریں دبئی پر مرکوز ہونگی ،جہاں اعصاب شکن اور سنسنی خیز مقابلے میں دنیا کی 2 بہترین ٹیمیں نبرد آزما ہونگی۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بج کے 30 منٹ پر شروع ہو گا۔ ایونٹ کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو شکست دے کربڑی کامیابی اپنے نام کی، پاکستان نے ہانگ کانگ کو ناکامی سے دوچار کیا،کرکٹ کے میگا ایونٹ ورلڈ کپ سے چند ماہ قبل ہونے والا ایشیائی کرکٹ میلہ اس خطے کی تمام بڑی ٹیموں کے لئے ٹیسٹ کیس بھی ہے اور تیاریوں کے جانچنے کا قابل اعتبار پیمانہ بھی۔مجموعی طور پریہ 14واں ایشیا کپ ہے، اس مرتبہ اس میں پاکستان ،بھارت ، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور کوالیفائر ہانگ کانگ شریک ہیں ،متحدہ عرب امارات،ہانگ کانگ، ملائیشیا، نیپال،عمان اور سنگا پور کے کوالیفائر ایونٹ سے حیران کن طور پر ہانگ کانگ ٹیم نے میگا ایونٹ کا ٹکٹ کٹوایا ہے ،ایشیاکپ میں شریک 6ٹیموں کو 2گروپ میں تقسیم کیا گیاہے، گروپ اے میں پاکستان، بھارت اور ہانگ کانگ اور گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان شامل ہیں ۔15ستمبر سے شروع ایشیائی کرکٹ جنگ متحدہ عرب امارات کے 2 مقامات دبئی اور ابوظبی میں کھیلی جا رہی ہے، جس کا اختتام 28ستمبر کے فائنل کے ساتھ ہو گا۔