ایس اوپیز کیساتھ تعلیمی ادارے کھولے جائیں، پرائیویٹ اسکولزایسوسی ایشن

  • May 20, 2020, 1:34 pm
  • Education News
  • 129 Views

کراچی کی پرائيويٹ اسکولز ايسوسی ايشن بھی ميدان ميں آگئی، مطالبہ کردیا کہ جب سب کھل گيا ہے تو اسکولز بھی کھول ديں۔ ایس او پیز پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرادی۔

چيئرمين پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن طارق شاہ نے کہا ہے کہ وزيراعظم نے کرونا کے ساتھ جينے کا کہا ہے، بچوں کا تعلیمی نقصان نہ کيا جائے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایس او پیز کے ساتھ عيد کے بعد اسکولز کھولنے کی اجازت دی جائے، جب سب کھل گيا ہے تو اسکولز بھی کھول ديں۔

طارق شاہ کا کہنا ہے کہ عالمی تحقیق کے مطابق 17 سال کی عمر تک کرونا متاثر نہيں کرتا۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ايس او پيز پر عمل کرتے ہوئے اسکولز کھولے جاسکتے ہيں۔

اس سے قبل خیبرپختونخوا اور پنجاب کی پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز بھی تعلیمی ادارے کھولنے کا مطالبہ کرچکی ہیں جبکہ آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے پہلے بھی تعلیمی ادارے کھولنے کا مطالبہ کیا تھا۔

دوسری جانب نیشنل پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے تو اسکولوں کو بند کرکے تمام ٹیچروں کو نوکریوں سے فارغ کردیں گے۔