کورونا وائرس کے مرکز وہان میں ہر قسم کے جنگلی جانور کا گوشت کھانے پر پابندی عائد

  • May 21, 2020, 11:48 am
  • Health News
  • 179 Views

کورونا وائرس کے مرکز وہان میں ہر قسم کے جنگلی جانور کا گوشت کھانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ اقدام اس وقت کیا گیا ہے جب کچھ دن قبل وہان میں کچھ افراد میں دوبارہ کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، یہ پابندی سائنسی تحقیق، وبائی امراض اور دیگر حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس چین کے شہر وہان سے شروع ہوا تھا جس نے اب پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ابھی تک اس بارے میں کوئی مصدقہ تحقیق سامنے نہیں آئی کے کورونا وائرس کی بنیادی وجوہات کیا بنی اور کس طرح یہ پوری دنیا میں پھیل گیا۔ تا ہم ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ وائرس وہان میں جنگلی جانوروں کی مارکیٹ سے پھیلا ہے، شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ یہ وائرس چمگادڑوں اور چوہوں وغیرہ کے ذریعے انسانوں میں منتقل ہوا ہے۔
تا ہم چین کی اعلیٰ قانون ساز کمیٹی نے چین میں تمام تر وائلڈ لائف کی تجارت اور انہیں بطور خوراک استعمال کرنے پر پابندی عائد کرنے پر غور کیا جس کے بعد ان جانوروں کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔ دوسری جانب ابھی تک اس حوالے سے کوئی مصدقہ تحقیق سامنے نہیں آئی کہ کورونا وائرس کہاں سے اور کس طرح پھیلا۔ وہان سے شروع ہونے والے کورونا وائرس نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس کے بعد ہر گزرتےدن کے ساتھ اس کی تباہی میں حیران کن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
اس وقت بیشتر ممالک میں لاک ڈاؤن جیسی پابندیاں لگا دی گئی ہیں جس کے بعد لوگوں کو ہدایات جاری کی جا رہی ہیں کہ وہ ایک دوسرے سے فاصلہ اختیار کریں۔ پوری دنیا میں اس وقت کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 50 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 3 لاکھ 29 ہزار سے زیادہ افراد کورونا کا شکار ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں۔