اگر حالات اسی طرح برقرار رہے تو 15 ستمبر سے ملک بھر میں تعلیمی ادارے دوبارہ کھول دیں گے، شفقت محمود کا اعلان

  • July 27, 2020, 12:10 pm
  • Education News
  • 260 Views

وفاقی وزیرتعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جس طرح سے کورونا وائرس اور معیشت کو ایک ساتھ ہینڈل کیا دنیا میں اس کی مثال نہیں ملتی، دنیا میں وباء کے خلاف پاکستانی حکومت کے کامیاب اقدامات کا ذکر ہو رہا ہے، ملک میں کورونا کی صورتحال میں بتدریج بہتری آئی ہے، اگر حالات اسی طرح برقرار رہے اور کیسز کی لہر دوبارہ نہ اٹھی تو 15 ستمبر سے ملک بھر میں تعلیمی ادارے دوبارہ کھل سکتے ہیں۔
اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سکولوں کی بندش سے بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے، چھوٹے نجی سکولوں کو زیادہ نقصان ہوا ہے اسلئے ہم نے اسٹیٹ بینک کو خط لکھا ہے کہ وہ پرائیویٹ سکولوں کو بھی آسان شرائط پر قرضے دینے کی اسکیم میں شامل کرے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے نجی سکولوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ وباء کے دوران 20 فیصد کم فیسیں وصول کریں، زیادہ فیسیں لینے والے سکولوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔

شفقت محمود نے کہا کہ وباء کے دوران حکومت نے ملک کے 1 کروڑ 20 لاکھ مستحق خاندانوں تک براہ راست امدادی رقم دی۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی صنعت کے ساتھ دیگر شعبے بھی منسلک ہیں، تعمیراتی صنعت کو پیکیج دینے سے نہ صرف روزگار کے مواقع بڑھیں گے بلکہ ملکی معیشت پر بھی اس کا مثبت اثر پڑے گا۔ وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک بھر میں ایک ہی تعلیمی نصاب کیلئے کوششیں کر رہی ہے تاہم اس کیلئے صوبائی ہم آہنگی اور اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب کی کمزور پراسیکیوشن کی وجہ سے احتساب کا نظام متاثر ہوا ہے اور بحیثیت قوم ہمیں نقصان ہو رہا ہے، چور اور لٹیرے بھی کہتے ہیں کہ وہ بے گناہ ہیں۔ شفقت محمود نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بدعنوانی کے معاملے پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرتے، چینی بحران میں اپنی جماعت کے لوگ ملوث ہونے کے باوجود شفاف تحقیقات کرائیں اور رپورٹ عوام کے سامنے لائی جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد منصوبے شروع کئے ہیں اور ثمرات آنے میں وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام کے تسلسل اور مضبوطی کیلئے ضروری ہے کہ منتخب حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے۔