بلوچستان کے تمام سرکاری اسپتالوں میں او پی ڈیز کھولنے کا فیصلہ

  • August 11, 2020, 10:34 pm
  • Health News
  • 174 Views

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے تمام سرکاری اسپتالوں میں او پی ڈیز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے تمام سرکاری اسپتالوں میں 15 اگست سے او پی ڈی فعال کر دی جائیں گی۔

ڈاکٹر ربابہ کا کہنا تھا کہ ڈویژنل،ضلعی ہیڈکوارٹرز میں تمام اوپی ڈیز ایس او پی کے تحت کھول دی جائیں گی،او پی ڈیزکی بندش سے عوام کو مشکلات کا سامنا رہا۔

پارلیمانی سیکرٹری صحت نے کہا کہ کروناوائرس کی روک تھام کے لیے ایسا اقدام ناگزیر تھا،احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔

خیال رہے کہ کرونا وائرس کے باعث ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 6 ہزار 112 ہوگئی ہے اور 2 لاکھ 85 ہزار 191 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا کرونا وبا کے حوالے سے کافی بہتری آئی ہے جس کی وجہ سے مارکیٹس، مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس،سینما گھر، تھیٹرز، جمز اور پبلک پارکس 10 اگست سے کھول دیے جائیں گے۔