ستمبر15 سے تعلیمی ادارے کھولنے کیلئے پرعزم ہیں

  • August 27, 2020, 11:00 am
  • Education News
  • 191 Views

اسکول کھلیں گے یا نہیں؟ مختلف قیاس آرائیوں پر وفاقی وزیر کا ردعمل، شفقت محمود کا کہنا ہے کہ اگلے ماہ سے ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے کیلئے پرعزم ہیں، ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا، محکمہ صحت کی رپورٹ کا انتظار ہے۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں جاری ہیں اور سوال کیا جا رہا ہے کہ آیا 15 ستمبر سے بھی تعلیمی ادارے دوبارہ کھلیں گے یا نہیں۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔ وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ وہ پرعزم ہیں کہ ملک بھر میں اگلے اہ 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھول دیے جائیں۔ تعلیمی اداروں کیلئے ایس او پیز تیار کیے جا چکے، جن پر عمل کروایا جائے گا۔
وزیر تعلیم کا کہنا ہے ہم نے 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کی تیاریاں کر رکھی ہیں، تاہم وزارت صحت کی رپورٹ کا بھی انتظار ہے، جس سے صورتحال مزید واضح ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی جانب سے قومی اسمبلی کو بتایا گیا تھا کہ ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے 7 ستمبر کو این سی او سی ، وزارت صحت اور صوبوں کے نمائندوں پر مشتمل جائزہ اجلاس ہوگا جس کے بعد تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے حتمی فیصلے کا اعلان کیا جائے گا۔ پارلیمانی سیکرٹری وجیہہ اکرم نے بتایاکہ سکول کھولنے سے متعلق فیصلہ وزارت تعلیم نہیں کر سکتی۔
اس کا فیصلہ این سی او سی اور وزارت صحت سمیت تمام صوبوں کی کوآرڈینیشن سے ہونا ہے۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس پھیلاو کی وجہ سے وفاقی اور تمام صوبائی حکومتوں نے مارچ کے ماہ میں نجی و سرکاری تعلیمی ادارے بند کر دیے تھے۔ اب 6 ماہ بعد تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔