ٹک ٹاک نے مزید جانیں لے لیں، سیر کے لیے جانے والے 5 دوست رکشے پر ٹک ٹاک بناتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گئے

  • February 8, 2021, 12:44 pm
  • Breaking News
  • 332 Views

لاہور میں ٹک ٹاک بناتے ہوئے رکشہ اُلٹ گیا جس کے نتیجے میں تین لڑکے جاں بحق جبکہ دو لڑکے زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق شمالی چھاؤنی کے علاقے میں 5 لڑکے ایک ہی رکشے میں سوار ہو کر سیر کے لیے جا رہے تھے کہ راستے میں 16 سالہ مصطفٰی نے ٹک ٹاک پر ویڈیو بنانا شروع کر دی، اس دوران لڑکوں نے رکشے پر ویلنگ کی جس سے رکشہ بے قابو ہو کر ایک پلر سے ٹکرانے کے بعد کار سے جا ٹکرایا۔
حادثے میں پانچوں دوست شدید زخمی ہوگئے جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے مناواں اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے 16سالہ احمد ، 16سالہ سلمان اوربیوہ خاتون کے اکلوتے لخت جگر 15 سالہ مصطفیٰ کی موت کی تصدیق کر دی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق 13 سالہ طیب اور 15 سالہ خورشید اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں طیب کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔
مرحوم مصطفٰی کے کزن امجد نے بتایا کہ پانچوں دوست سیر کے لیے نکلے تھے اور ٹاک ٹاک ویڈیو بناتے حادثے کا شکار ہوئے۔

حادثے کے بعد کار ڈرائیورفرار ہو گیا ۔ دوسری جانب سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے نوٹس لیتے ہوئے سی ٹی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے حکم دیا کہ واقعہ کی تحقیقات کر کے قانونی کارروائی کی جائے۔ واضح رہے کہ ٹک ٹاک بناتے ہوئے حادثہ ہونے اور اس کے نتیجے میں اموات ہونے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ پاکستان میں ٹک ٹاک کے شوقین افراد کی تعداد لاکھوں میں ہے جو اپنی ویڈیو بنا کر ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کرتے ہیں، اس دوران ہزاروں نوجوان خطرناک انداز میں ویڈیو بنا کر ایپ پر ڈاؤن لوڈ کرتے ہیں جس کے باعث گذشتہ ایک سال کے دوران درجنوں نوجوان اپنی زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ ٹک ٹاک کی وجہ سے اس سے پہلے بھی کئی واقعات سننے میں آ چکے ہیں۔