فروری 2021 ملکی تاریخ کا تیسرا خشک ترین مہینہ قرار

  • March 10, 2021, 4:03 pm
  • Weather News
  • 294 Views

محکمہ موسمیات نے فروری 2021 کو پاکستانی تاریخ کا تیسرا گرم اور خشک ترین مہینہ قرار دے دیا۔

فروری 2021 پاکستان کی تاریخ کا تیسرا خشک ترین مہینہ، 84 فی صد کم بارشیں ہوئیں: رپورٹ

ایکسپریس نیوزکے مطابق محکمہ موسمیات نے اپنی ماہانہ رپورٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ رواں برس کا فروری کا مہینہ پاکستان کی تاریخ میں ریکارڈ گرم اور خشک ترین فروری کے مہینوں میں سے ایک رہا ہے، 1961 کے بعد فروری 2021 پاکستان کا تیسرا خشک ترین مہینہ تھا، جس میں اوسطاً 84 فی صد کم بارشیں ریکارڈ ہوئیں۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق فروری میں درجۂ حرارت میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور ملک میں ماہانہ اوسط درجۂ حرارت 3.35 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا جو 16.67 ڈگری سینٹی گریڈ اوسط رہا۔ جب کہ 26 فروری کو ملک میں سب سے زیادہ گرمی نواب شاہ میں 38.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی، جب کہ 27 اور 28 فروری کی درمیانی رات کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جو اس ماہ کی گرم ترین رات تھی۔

محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل محمد ریاض کا کہنا ہے کہ عام طور پر ملک میں جنوری، فروری اور مارچ کے مہینوں میں بارشیں ہوتی ہیں، لیکن اس بار مغرب سے بارش کے سسٹم کم بن کر آئے جس کے باعث بارشیں نہ ہونے کے براہر رہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان دنیا میں موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 100 ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔ اور گلوبل کلائمٹ چینج امپیکٹ سینٹر پاکستان کی ایک حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک کے قیام سے لے کر اب تک اوسط درجۂ حرارت میں ایک ڈگری سینٹی گریڈ کا اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے اثرات ماحولیات، زراعت اور پانی کے ذخائر پر بھی پڑ رہے ہیں۔