پشتونخواء ملی عوامی پارٹی کے سینئر رہنما عثمان کاکڑ انتقال کر گئے

  • June 21, 2021, 5:08 pm
  • Breaking News
  • 182 Views

پشتونخواء ملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر سابق سینیٹر عثمان کاکڑ انتقال کر گئے۔سیکرٹری اطلاعات پی کے میپ رضا محمد رضا نے عثمان کاکڑ کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عثمان کاکڑ کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے ۔انہیں برین ہیمرج کے باعث ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا تاہم آج ان کا انتقال ہو گیا۔
پاکستان کے سیاسی رہنماؤں کی جانب سے سابق سینیٹر عثمان کاکڑ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے اور ان کے بلند درجات کے لیے دعا کی گئی ہے۔خیال رہے کہ صوبائی صدر سابق سینیٹر عثمان کاکڑ کی اچانک طبیعت خراب ہوئی جس کے بعد وہ گھر میں بے ہوش کر گر گئے انہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انکی سرجری بھی کی گئی ۔
وہ سی ایم ایچ ہسپتال کوئٹہ میں وینٹی لیٹر پر رہے۔

ایم آر آئی اسکین میں برین ہیمرج کے آثار آئے تھے۔جمعہ کو پشتونخواء ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی، چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس ہاشم کاکڑ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے سی ایم ایچ جاکر سابق سینیٹر عثمان خان کاکڑ کی عیادت اور انکی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کو عثمان کاکڑ کے علاج کی مکمل نگرانی کیلئے مقرر کیا تھا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر حکومت سندھ نے سینیٹر عثمان کاکڑ کو کراچی آغا خان ہسپتال منتقل کیا تھا۔واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ سے تعلق رکھنے والے عثمان کاکڑ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اور صوبائی صدر تھے ۔2018ء میں مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتوں کے اتحاد سے سینیٹ کے ڈپٹی چئیرمین کے عہدے کا الیکشن لڑا تاہم کامیاب نہ ہوئے۔