طالبان نے بھارت کو کسی بھی فوجی مداخلت پر خبردار کردیا

  • August 17, 2021, 11:34 am
  • World News
  • 304 Views

دنئی دلی: طالبان نے بھارت کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت افغانستان میں عسکری کارروائی یا کسی بھی نوعیت کی فوجی مداخلت کرنے کی کوشش سے قبل افغانستان پر چڑھائی کرنے والے ملکوں کا حشر دیکھ لے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق طالبان ترجمان سہیل شاہین نے بھارت کو وارننگ ی ہے کہ اگرافغانستان میں بھارت کی جانب سے کسی قسم کی عسکری کارروائی یا مداخلت کی گئی تو اسے اس کاخمیازہ بھگتنا پڑے گا، لیکن ہم اس بات کی یقین دہانی کراتے ہیں کہ افغانستان میں موجود بھارتی سفارت خانے اور اس کے عملے کو طالبان کی طرف سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔

ترجمان نے افغانستان میں دیگر فوجی طاقتوں کی شکست کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ اگر بھارت نے افغانستان میں عسکری کارروائی یا فوجی مداخلت کی یا اس کی موجودگی پائی گئی تو یہ اس کے حق میں بہتر نہیں ہوگا، بھارت افغانستان میں فوجی کارروائی کرنے والے دیگر ممالک کا حشر دیکھ چکا ہے، تو ان کا حال بھارت کے لیے کھلی کتاب کی طرح ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان ترجمان نےپاکستان میں کسی دہشت گرد گروپ سے تعلق کی بھی بھرپور تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سب باتیں زمینی حقائق کے منافی ہیں۔

ترجمان نے اس بات کی یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ ان کی طرف سے افغانستان میں موجود بھارتی سفارت خانے اور اس کے عملے کی زندگیوں کو کسی قسم کے خطرات لاحق نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری ایک عمومی پالیسی ہے کہ ہم کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ وہ افغان سرزمین کو کسی بھی ملک بشمول پڑوسی ممالک کے خلاف استعمال کرے۔

رپورٹ کے مطابق دوہا میں طالبان کے ساتھ ہونے والے بھارتی حکام کی میٹنگ میں طالبان ترجمان سہیل شاہین نے افغان عوام کی مدد کرنے اور تعمیراتی سرگرمیوں پر بھارت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ہم افغان عوام کے لیے ڈیمز، قومی اور انفرا اسٹرکچر پراجیکٹس اور افغانستان میں ہونے والے دیگر ترقیاتی کاموں کے لیے بھارت کے شکر گذار ہیں۔