کوئٹہ میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق

  • May 25, 2015, 7:46 pm
  • Breaking News
  • 1.16K Views

کوئٹہ( آئی این پی )کوئٹہ میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق جبکہ خواتین سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پیر کے روز ٹارگٹ کلنگ کا پہلا واقعہ مسجد روڈ پر پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے فاطمہ جناح روڈ کے کونے پر واقع دکان میں موجود شخص پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی نعش کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ضابطہ کی کارروائی کے بعد اسے ورثاء کے حوالے کردیا گیا جبکہ ٹارگٹ کلنگ کا دوسرا واقعہ جناح روڈ پر پیش آیا جہاں مسلح افراد نے سلیم کمپلیکس کے قریب فائرنگ کرکے 2 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ حملے میں 2 خواتین سمیت 3 افراد زخمی ہوئے زخمیوں کو طبی امداد کیلئے سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا واقعات کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ شروع ہوگئی اور لوگ دکانیں بند کرکے اپنے گھروں کو لوٹ گئے فائرنگ شروع ہونے کے بعد اے ٹی ایف اور ایف سی کی بھاری نفری نے پولیس سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے نہ صرف ناکے لگائے بلکہ گشت بھی بڑھا دی۔