میرے لیے اپنے ملک کی نمائندگی سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں، یونس خان

  • June 9, 2020, 3:23 pm
  • Sports News
  • 121 Views

ومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کا کہنا ہے کہ میرے لیے اپنے ملک کی نمائندگی سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہے اور انگلینڈ کے ایک مشکل دورے کے لیے ایک بار پھر ملک کی نمائندگی کا موقع ملنا میرے لیے اعزاز ہے۔

پاکستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل کرنے والے تجربہ کار بلے باز یونس خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جو بلندیوں کو چھونے کی صلاحیت رکھتی ہے, مصباح الحق، وقار یونس، مشتاق احمد اور وہ مل کر کھلاڑیوں کی میدان کے اندر اور باہر ہر انداز میں بہترین تربیت کرنے کی کوشش کریں گے۔

یونس خان نے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی اپنے تجربے اور علم کو دوسروں تک پہنچانے میں کوئی عار محسوس نہیں کی مگر دورہ انگلینڈ ان کے لیے ایک بہترین موقع ہوگا جہاں وہ بلے بازوں کی تکنیک بہتر بنانے، باؤلر کی قابلیت کو جانچنے اور ان کی ذہنی پختگی پر خصوصی توجہ دے سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز میں تکنیک کے ساتھ ساتھ تحمل مزاجی اور نظم وضبط درکار ہوتے ہیں اور اگر آپ ان تین شعبوں میں قابل ہوجائیں تو آپ انگلینڈ ہی نہیں دنیا کے کسی بھی کونے میں مؤثر ثابت ہوسکتے ہیں۔ یونس خان نے کہا کہ بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستان کرکٹ ٹیم اگر مؤثر ٹریننگ کرے گی تو بلاشبہ دورہ انگلینڈ میں نتائج بھی بہتر ہوں گے۔