سردار یار محمد رند کا وزارت سے مستعفی ہونے کا اعلان

  • June 23, 2021, 8:57 pm
  • Breaking News
  • 190 Views

کوئٹہ: شہریار آفریدی کی کوشش ناکام ہو گئی، پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی وزیر سردار یار محمد رند نے وزارت سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم بلوچستان سردار یار محمد رند نے گزشتہ روز شہریار آفریدی کو مستعفی نہ ہونے کا یقین دلانے کے بعد آج مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔

سردار یار محمد نے کہا کہ اسمبلی سے نکلتے ہی استعفیٰ گورنر بلوچستان کو پیش کر دوں گا۔

واضح رہے کہ یار محمد رند کے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کے ساتھ اختلافات چل رہے تھے، گزشتہ روز ان اختلافات کو دور کرنے کے لیے کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی نے فریقین سے ملاقاتیں بھی کی تھیں۔


شہریار آفریدی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال اور پی ٹی آئی بلوچستان کے پارلیمانی رہنما یار محمد رند سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی تھیں، جس کے بعد دونوں میں اختلافات ختم ہونے کا امکان پیدا ہو گیا تھا، یار محمد رند نے صوبائی حکومت سے متعلق اپنے تحفظات سے شہریار آفریدی کو آگاہ کیا تھا، اور وزارت سے استعفے کی پیش کش بھی کی، ذرائع کا کہنا تھا کہ شہریار آفریدی نے وزیر تعلیم کو استعفیٰ نہ دینے پر قائل کیا، اور یار محمد نے بھی استعفیٰ نہ دینے کا وعدہ کیا۔

شہریار آفریدی نے یار محمد رند کو تحفظات دور کرانے کی بھی یقین دہانی کرائی تھی، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بھی یار محمد رند سے ملاقات پر آمادگی کا اظہار کیا تھا، اور انھوں نے شہریار آفریدی کو یقین دہانی کرائی کہ وہ یار محمد کے تحفظات دور کریں گے۔