پیگاسس و واٹس ایپ سے متعلق بیان پر پی ٹی اے کی وضاحت

  • July 30, 2021, 11:25 am
  • Science & Technology News
  • 142 Views

جاسوسی کے اسپائے ویئر پیگاسس کی واٹس ایپ کی جانب سے مبینہ طور پر مدد کرنے کے بیان سے متعلق پی ٹی اے کی وضاحت سامنے آگئی۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) کے ایک افسر کے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اجلاس میں دیے گئے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔

ترجمان پی ٹی اے کے مطابق اتھارٹی کے نمائندے نے کمیٹی کو بتایا کہ سائبر سیکیورٹی پالیسی تشکیل اور منظور کی جاچکی ہے جو ملکی سائبر اسپیس کو نقصان پہنچانے کی کوششوں سے نمٹنے میں مددگار ہوگی۔

ترجمان کے مطابق کمیٹی کے اجلاس کے دوران ممبران کے سوالات پر انہوں نے بتایا کہ پیگاسس جیسے سافٹ وئیر ایک مخصوص طریقے کے ذریعے ہیکرز کو تمام کمیونیکیشن کاپی کرنا شروع کردیتے ہیں۔

پی ٹی اے ترجمان کے مطابق اجلاس میں انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ واٹس ایپ اور کچھ دیگر ایپس کی انکرپٹڈ کمیونیکیشن کو توڑنا ممکن نہیں۔

ترجمان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی اے نمائندے نے اجلاس کے دوران یہ نہیں کہا کہ واٹس ایپ نے پیگاسس کے فون ہیک کرنے میں مرکزی کردار ادا کیا۔