کوئٹہ میں چکن 400، مگر ہوٹلوں میں کڑاہی 2000 روپے کلو! عوام کا کارروائی کا مطالبہ
- October 27, 2025, 1:39 pm
- Business News
- 137 Views
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں چکن کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ اور ہوٹلوں کی من مانیاں عوامی غم و غصے کا باعث بن گئیں۔ مارکیٹ میں چکن فی کلو 400 روپے میں دستیاب ہے، مگر شہر کے مختلف ہوٹلوں میں یہی چکن کڑاہی 2000 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔ حیران کن طور پر ایک کلو کڑاہی میں صرف 750 گرام یا اس سے بھی کم گوشت شامل کیا جا رہا ہے۔
شہریوں نے اس مبالغہ آمیز منافع خوری اور دھوکہ دہی پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ پرائس کنٹرول سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ عوامی حلقوں نے سوال اٹھایا کہ جب مارکیٹ میں چکن کی قیمت 400 روپے فی کلو ہے تو ہوٹلوں میں یہی گوشت 2000 روپے میں کیوں بیچا جا رہا ہے؟
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں صرف کاغذوں تک محدود ہیں، جبکہ گراؤنڈ پر کوئی مؤثر چیک اینڈ بیلنس موجود نہیں۔ متوسط اور غریب طبقہ ہوٹلوں میں کھانا کھانے سے قاصر ہے جبکہ انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
سول سوسائٹی اور تاجر تنظیموں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر ہوٹلوں میں چکن کڑاہی کی قیمتوں، مقدار اور معیار کا جائزہ لے، اور خلاف ورزی کرنے والے ہوٹل مالکان کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر ہوٹل مافیا کے خلاف ٹھوس قدم نہ اٹھایا گیا تو عوامی استحصال اور مہنگائی کا سلسلہ کبھی ختم نہیں ہوگا۔











